سارہ رخسار

12:04 AM 0 Comments

خاکہ نگاری کا مقابلہ شروع ہوا تو دل میں سوچا "خرّم میاں !! آسان کام تو سبھی کر لیتے ھیں، مقابلہ اگر جیتنا ھے تو کوئی مشکل اور انہونا کام کرڈالو. تمام ممبران اپنے دوستوں کا خاکہ لکھ رھے، ایسے میں کچھ مختلف اور مشکل  کرنے کی چاہ میں اپنے دشمن کا خاکہ لکھ ڈالو."  دشمن کا نام آتے ہی فیس بک پر اپنی واحد اور اکلوتی دشمن کا نام ہی میرے ذہن میں ابھرا .... سارہ رخسار ..... دل تو بالکل نہیں چاہ رھا تھا کہ کسی بھی طرح اپنے دشمن کی مقبولیت کا باعث بنوں لیکن مرتا کیا نہ کرتا، آخر مقابلہ جیتنے کی چاہ جو تھی، تو انتہائی مجبوری کے عالم میں محترمہ سارہ رخسار کے خاکے کا آغاز کیا.

 لیکن محترمہ نے اسقدر  خشک ، ڈیپریسنگ اور کسی بھی قسم کے لطیف جذبات سے مکمل طور پر عاری طبیعت پائی ھے کہ تین دن سے ان پر اک مذاقیہ خاکہ لکھنے کی کوشش کر رھا ہوں..... مجال ھے کہ کوئی ایک بھی شگفتہ لائن سارہ کو سوچ کر دماغ میں آئی ھو. الٹا دماغ کے کونوں کھدروں میں دوسرے دوستوں کے خاکوں کے لئے جو کچھ اچھا اچھا سوچ رکھا تھا، اسکو بھی سمجھو زنگ لگ گیا ھو. اب تو خدا سے یہی دعا ھے کہ یا تو یہ ادھورا خاکہ مکمل کر دے ... یا پھر ادھوری سارہ کو پورا کر دے.

  سارہ ہر لحاظ سے ایک گھمنڈی. جھگڑالو اور اکھڑ لڑکی ھے. مردوں کی عزت کرنا تو اس نے شائد سیکھا ہی نہیں. اور لڑکیوں سے اس کی بنتی نہیں. صحیح معنوں میں بِھڑوں کا چھتہ ھے، کسی بھی لمحے کسی سے بھی جھگڑا مول لے سکتی ھے. لانگ ٹرم دشمنی قائم رکھ سکتی ھے....... سکاٹ لینڈ میں رہنے کے باوجود رَج کے پینڈو واقع ہوئی ھے. اپنے اس احساس کو اپنے چہرے پر بھاری بھرکم میک اپ کی تہیں لگا کر دور کرنے کی کوشش کرتی ھے،   وہاں کی کرنسی پاؤنڈز میں کوئی بھی خرچہ کرنے سے پہلے حساب لگاتی ھے کہ یہ کتنے پاکستانی روپے بنتے ھیں. اچھی طرح تسلی کر لینے کے بعد پھر خرچہ پاؤنڈز میں ہی کرتی ھے.  ٹھنڈے ملک میں رہ کر دماغ پر برف کی تہہ جم چکی، اس کے تمام جمالیاتی احساسات منجمد اور سوچنے سمجھنے کی صلاحیت سُن ھو کر رہ گئی ھے. عجیب مخمصوں اور مصلحتوں کا شکار ھو کر خود کو کومپلیکیٹ بنانے کی کوششوں میں چار سال تک اپنی   شادی کو فیس بک کے دوستوں سے چھپائے رکھا، حالانکہ ارینجڈ میرج تھی.

  سارہ رخسار مجھے ایک آنکھ نہ بھانے کے باوجود بھی ہر لحاظ سے اک جینوئن شخصیت لگتی ھے، اس کی نفرت بھی  سراسر خالص ھے اور میرے نزدیک یہ بھی ایک پلس پوائنٹ ھے. انتہائی محب وطن ھے، پاکستان کی خاطر کسی سے بھی لڑ پڑے گی. تمام خامیوں کے باوجود دل کی تھوڑی سی اچھی بھی ھے،  اس لئے اس کو دل سے دور کرنا مشکل ھے... کیا کریں مجبوری ھے ایسے ایسے لوگوں کے ساتھ بھی گزارا کرنا پڑے گا صد شکر کے وہ اس خاکے کا جوابی حملہ خاکے کی شکل میں نہیں دے سکتی کیونکہ اگر خدا نے سارہ کو لکھنے کے فن سے آشنا کر رکھا ھوتا تو سوشل میڈیا پر کئی طوفان برپا ھو سکتے تھے

---
اپریل 2014

0 comments: