کوالٹی ٹائم

10:42 PM 0 Comments

منگل کی صبح
---------------------------
آفس کیلئے نکلنے ہوئے مجھے اپنے دوست اورنگزیب کا خیال ذھن میں گھوم رہا تھا جس نے ویکینڈ پر مجھے انڈیا / پاکستان کے میچ کے دوران کال کی (یقینا اس نے پاکستانی ٹیم کو صلواتیں ہی سنانا ہوں گی. کیونکہ وہ بھی کرکٹ کا شیدائی ہے) لیکن میں کسی مصروفیت کی وجہ سے وہ کال اٹینڈ نہیں کر سکا تھا __ اگلے دن فیصل آباد سے لاہور آتے ہوئے صبح فجر کے وقت اسکی مس کال فون پر دیکھی__ سوچا آفس جا کر کال کروں گا... لیکن آفس پہنچ کر آفس کے کاموں میں ایسا الجھا __ کہ بھول ہی گیا. رات کو لیٹ نائٹ میسنجر پر اورنگزیب کے ھیلو .. ھائی ... کے میسجز دیکھے ... لیکن اس سوچ کے ساتھ کہ "ابھی کال کرتا ہوں اسے" __ لیکن میں دوسرے جھمیلوں میں اسے بھول گیا، گزشتہ صبح کے سفر اور پھر دن بھر کے آفس کی تھکان تھی تو میں جلد ہی محوِ خواب ہو گیا
.
ابھی صبح آفس جاتے ہوئے راستے میں پھر اورنگزیب کا خیال ___ آفس جاتے ہی کال کروں گا.__ ویسے آج مجھے اور کیا کیا کرنا ہے ا؟؟ یہ تو مجھے معلوم ہی ہے کہ آج نعمان لاشاری کا پاکستان میں آخری دن ہے. اور انہوں نے آج آخری بار آفس کولیگز کو فائنل الوداع کہنے کیلئے آفس آنا ہے. ___ لیکن میرے ذمے دو کام ایسے ہیں جو ھنوز پایہ تکمیل تک نہ پہنچ پائے ____
.
کام نمبر 1: نعمان کے لئے فیصل آباد سے ان کی پسند کی کچھ بیکری آئٹمز منگوانا تھیں، جو ابھی تک لاہور نہ پہنچ سکی تھیں___ وہ بیکری پراڈکٹس میرا چھوٹا بھائی فیصل آباد سے خود لے کر آ رہا تھا جو دوپہر میں لاہور پہنچے گا___ اگر نعمان صاحب اس سے قبل ہی آفس کا چکر لگا کر چلے گئے تو وہ چیزیں ان تک کیسے پہنچیں گی. ___ لمحہء فکریہ :\
.
کام نمبر 2: ساجد حسین نے پہلی بار مجھے کوئی کام کہا تھا __ اور وہ تھا نعمان لاشاری کو خوشبوؤں بھرا ایک سرپرائز گفٹ دینے کا. پیسے انہوں نے میرے بینک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کر دیئے ___ لیکن سرپرائز گفٹ کی لاھور سے خریداری میرے ذمے تھی، جو میں نے ابھی تک نہیں خریدا تھا.___ (یہ سوچ ساجد بھائی کی کھنکھناتی آواز میرے عالم تصور میں گونجی __ ویل ڈن خرّم !!! ) ___ نعمان کے ساتھ ملاقات آفس میں متوقع ھے. کب میں وہ پرفیوم خرید کر نعمان کے حوالے کروں گا ؟__ یہ سوچ کر ___مائنڈ بلینک :/
.
آفس پہنچ گیا __ پہلا کام ___ نعمان کو میسج کیا ___ آپ کب پہنچیں گے آفس. ____ دوسری جانب سے جواب ___ میری طبیعت بہت خراب ہے کل رات سے، کوشش کروں گا .. لیکن آج میرا آفس آنا مشکل ہے آج _______ شاواشے
.

منگل کی دوپہر
---------------------------
نعمان کے آفس نہ آنے کی خبر پر میں ملی جھلی کیفیات کا شکار تھا ____ پہلی سوچ : اچھا ہی ہوا کہ وہ آفس نہیں آ رہا، مجھے ساجد بھائی والا پرفیوم خریدنے کا ٹائم مل گیا :) __ اور شام تک فیصل آباد سے بھائی وہ بیکری ائیٹمز بھی لے آئے گا.___ زبردست !!! ____ اوہ !! لیکن کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ شام کو مجھے یہ چیزیں خود نعمان کے گھر جا کر دینا پڑیں گی؟ ____ اوہ نو !! اتنا سفر __ واپڈا ٹاؤن ... لاہور کی دوسری نُکر ____ہممممم !! چلو کر لوں گا ہمت جانے کی __ آج ویسے بھی اسکا آخری دن ہے یہاں __ پردیس جا کر کیا یاد کرے گا کہ کتنے اچھے دوست سے پالا پڑا B|
.
سکائپ پر شاہ پری کے میسیجز ___ نعمان بھائی کے لئے گفٹ بھیجا ہے آپ کے آفس کے ایڈریس پر. پلیز پارسل ریسیو کر لیجئے گا اور جب نعمان بھائی آفس آئیں تو انکو میری طرف سے دے دیجئے گا._________ واہ کمال ہی ہو گیا ... اتنے گفٹس ___ اور نعمان تو آج آفس آ ہی نہیں رھے. یکایک دل میں ایک مثبت فیلنگ نے جنم لیا کہ آج اگر نعمان سے ملاقات نہ ہو پائے، تو یہ تمام چیزیں میری بھی ہو سکتی ہیں 3:) لیکن میرے ضمیر نے دوسرے ہی لمحے میری مثبت سوچ خاک میں ملا ڈالی ___ چلو جی آنے دو شاہ پری کا پارسل بھی. ایک اور ذمے داری کا اضافہ :(
.
ڈنمارک آفس سے مارٹن کا میسج ___ آفس میں ٹیم میٹنگ سٹارٹ ہو گئی ___ اگلے تین ہفتوں کے کام کی پلاننگ شروع _ بحث در بحث ___ ارگمنٹ پر آرگمنٹ ___ دماغ خالی
 .
2 گھنٹے کی میٹنگ کے دوران آدھے گھنٹے کی لنچ بریک ہوئی ___ لاہور میں بم بلاسٹ کی خبر ____ سب آفس میں ٹی وی سکرین کے سامنے جمع ___ دہشتگردی پر بحث شروع ____ آفس بوائے نے میرا فون لا کر مجھے دیا کہ مسلسل کال آ رہی ہے کسی کی ______ کرن کی کال !!!! __ اور اس سے پہلے 8 مِس کالز ___ 3 کرن ہی کی __ 3 توصیف احمد کی __ 1 نعمان لاشاری کی ____ اور ایک مِس کال __ اورنگزیب کی ______ آہ شششش ***** میں نے اورنگزیب کو کال کیوں نہیں کی ... لیکن خیر ابھی فی الحال کرن کی کال ریسیو کرنے کے سوا کوئی چارہ نہ تھا ___ السلام علیکم ___ (دوسری جانب سے) وعلیکم السلام ___ یااللہ تیرا شکر ہے !! ____ بھئی شکر کس بات کا ؟؟؟ ____ اسی بات کا کہ آپ خیریت سے ہیں __ لاہور میں بم بلاسٹ ہوا ہے ناں ___ اور پتا ہے میں کتنی پریشان تھی ___ کب سے کال کر رہی ہوں ___ فون کیوں نہیں اٹھاتے؟__ یہ کوئی طریقہ ہے بھلا ... آپ کتنے غیر ذمے دار ہیں ... میرا تو دل حلق میں اٹکا ہوا تھا یہ سوچ کر کہ آخر آپ فون کیوں نہیں اٹھا رہے .. (کرن کی آواز پریشانی سے دھیرے دھیرے غصے کی جانب رواں دواں تھی)___ میرے کولیگز مجھے فون پر بات کرتے دیکھ کر یوں ھنس رھے تھے گویا انہیں کرن کی آواز بھی سنائی دے رہی ہو .... میں نے فورا کنفرم کیا کہ فون کا لاوڈ سپیکر آف ہے ___ بیگم کو یقین دھانی کرائی کہ میں خیریت سے ہوں. پریشان نہ ہوں.
.
اب میں نے توصیف کی تین مس کالز کے جواب میں اپنی واحد کال ملائی __ آگے سے وہ جناب بھی غصے میں __ ایک گھنٹے سے تمہارے آفس پلازہ میں کھجل ہو رہا ہوں اور تم کال ہی ریسیو نہیں کر رھے اور مجھے تمہارے آفس کا نمبر معلوم ھے لیکن __ اس پلازے میں اتنی ساری لفٹیں مجھے کنفیوز کر رہی ہیں، اس لئے میں گراؤنڈ فلور پر ہی ہوں ___ جلدی نیچے آؤ کیفے ٹیریا والی سائیڈ پر ________ اوکے اوکے آتا ہوں بھائی ____ لفٹ سے نیچے جاتے ہوئے میں منفی سوچیں سوچ رہا تھا کہ آخر کیوں ___کیفے ٹیریا ہی کے پاس کیوں بلایا گیا ہے مجھے؟ کہیں یہ کوئی سازش تو نہیں ؟؟ :)
.
خیر کیفے ٹیریا کے پاس توصیف کھڑا نظر آیا__ ہاتھ میں دو بڑے شاپر تھامے ، ____ توصیف ! پہلے تو یہ بتاؤ .. ان شاپرز میں کیا ہے؟ اور اتنی سیکورٹی کے باوجود گارڈز نے تمھیں اندر کیسے آنے دیا. لاہور پہلے ہی دہشتگردی کی زد میں ہے _____ توصیف نے بتایا : "اِن شاپرز میں نعمان لاشاری کے لئے گفٹس ہیں جو عفیفہ تبسم نے بہاولپور سے انتہائی چاہت کیساتھ بھجوائے ہیں. اور نعمان نے کہا تھا کہ یہ آفس میں خرّم کے پاس پہنچا دو ، وہ خود ہی نعمان تک پہنچا دے گا" __ شاواشے !!!!! :/
.


منگل کی سہ پہر
---------------------------
میں حیرت و حسرت کا مارا خاموش بیٹھا توصیف احمد کو کیفے ٹیریا کے دہی بھلے اور گول گپوں کا صفایا کرتے ہوئے دیکھ رہا تھا__ اسکے ساتھ کی سیٹ پر رکھے شاپرز جو عفیفہ تبسم کے خلوص و چاھت سے بھرے پڑے تھے __ مجھے سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ کس طرح میں اپنی بیکری آئیٹمز کے ڈبے، شاہ پری کا پارسل ، ساجد کا پرفیوم اور عفیفہ تبسم کے گفٹ شاپرز موٹر بائیک پر ایک ساتھ اٹھائے کسطرح نعمان لاشاری کے گھر پہنچوں گا
.
توصیف کو میں نے اپنی سوچ سے آگاہ کرتے ہوئے درخواست کی کہ یہ گفٹس تم واپس لے جاؤ ___ شام میں اکٹھے ہی لاشاری صاحب کا طرف چلیں گے __ توصیف بھی شرافت کیساتھ فورا ہی مان گیا __ ویسے بھی لگ رہا تھا کہ موصوف میرے آفس پلازہ میں گفٹس نہیں بلکہ دہی بھلے اور گول گپوں کی نیت سے آئے تھے. وہ اپنے گفٹس لئے واپس لوٹے __ میں بھاگم بھاگ آفس واپس پہنچا جہاں شاہ پری کا ٹی سی ایس پارسل میرا انتظار کر رہا تھا ____ ھیں !!!! اتنا بڑا ڈبہ ____ عوام کو آخر ہو کیا گیا ہے ؟ ___ اتنے گفٹس
.
میٹنگ دوبارہ سٹارٹ ہو گئی ____ میٹنگ کے دوران میری کولیگ مدیحہ کے فون پر نعمان کی کال ___ " ایہہ بٹ نال گل کرا میری ذرا __ ایہہ میری کال کیوں نہیں چکدا ؟؟ " ___ کال نہ اٹھانے کے تذکرے پر فورا میرے ذہن میں اپنے دوست اورنگزیب کا خیال کوندا کہ مس کال تو اسکی بھی آئی ہوئی تھی، اور میں نے ابھی تک اسے کال بیک نہیں کیا__ کوئی حال نہیں میرا ____ خیر وہ تو جگر ہے اپنا ___ فرصت ملتے ہی کروں گا اسکو کال _____ السلام علیکم نعمان صاحب کیسے ہیں آپ !!! سوری آپ کی کال نہیں سن سکا اور کال بیک بھی نہیں کر سکا. کیا کہنا تھا آپ نے ؟؟ ___ نعمان بولے: میں نے کہنا تھا توصیف کوئی گفٹس لے کر آئے گا وہ ریسیو کر لینا ____ جی بہت اچھا جناب !! اور کوئی حکم ؟؟ ______ نہیں اور کوئی کام نہیں ___ ہاں یاد آیا !! ایک چھوٹا کا کام ہے __ ایک کتاب چاہئے __ فیض احمد فیض کی __ "نسخہ ھائے وفا" ___ وہ مجھے لازمی چاہئے، لندن میں ایک دوست سے میں نے وعدہ کر لیا ہے، اور اس دوست کو ہر حال میں یہ کتاب چاہئے، لے آؤ گے ناں. ____ ہمم ٹھیک ہے، ابھی آفس میٹنگ چل رہی ہے، شام میں ملتے ہیں __ آپ کی طرف ___ اوکے ___ ڈن ___ بائے
.


منگل کی شام
--------------------------
شام آفس کا ٹائم ختم ہوتے ہی شاہ پری کے گفٹ والا ڈبہ اٹھائے بھاگم بھاگ آفس سے نکلا، توصیف کو فون کر دیا کہ اسکے فلیٹ کے قریب فیروزپور روڈ پر فلاں فلاں جگہ پرفیومز کی دکان پر آ جائے. وھیں ملتے ہیں ______ لیکن توصیف سے پہلے میں خود وہاں پہنچ گیا ___ اور پرفیوم پسند کرنے لگا ____ مختلف پرفیوم ٹیسٹ کرتے کرتے اتنا زیادہ پرفیوم مجھ پر چھڑکا جا چکا تھا کہ میں بذات خود خوشبو کا ڈھیر بنا ہوا تھا ___ آخر کار ساجد بھائی کی شخصیت کے عین مطابق ایک بہت زبردست پرفیوم مجھے پسند آ گیا، جو نعمان کو بھی یقینا بہت پسند آئے گا __ وہ پیک کروایا __ اس اثناء میں توصیف بھی اپنے شاپرز سمیت آ چکا تھا.
.
توصیف کو ساتھ لیا، اپنے فلیٹ پہنچا، بیکری آئیٹمز کے ڈبے اٹھائے، وہ بھی توصیف کو تھمائے اور اسے بائیک پر پیچھے بٹھا لیا ___ اور نعمان لاشاری کے گھر کی جانب رواں دواں _____ کاش اس لمحے کوئی تصویر لے سکتا ہماری کہ کتنی مشکل سے میں بائیک چلا رہا تھا __ اور پچھلی سیٹ پر توصیف اپنے شاپرز، شاہ پری کے پارسل اور بیکری آئیٹمز کے ڈبوں کے ساتھ بیٹھا ہوا تھا ___ ساجد بھائی والا پرفیوم بائیک کے ہینڈل کے ساتھ لٹکا لیا__ توصیف کے قبضے میں رہتا تو نعمان تک پہنچنے تک وہ مزید پرفیوم نہ رہتا. ____ خیر ساتھ ساتھ ہم اپنے ڈنر کی پلاننگ بھی کر رھے تھے کہ اگر نعمان نے ہمیں کچھ نہ کھلایا تو پھر ہمارے پاس مزید کیا کیا آپشنز دستیاب ہوں گے __
.
نعمان کا گھر واپڈا ٹاؤن کے عقب میں واقع نشیمن اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی میں ہے، واپڈا ٹاؤن سے گزرتے ہوئے مجھے یاد آیا کہ واپڈا ٹاؤن میں ہی تو میرے دوست اورنگزیب کا گھر بھی ہے. اور اس سوچ کے ساتھ ہی خود پر شدید غصہ بھی آیا ___ کہ میں نے ابھی تک اورنگزیب کو کال بیک ہی نہیں کیا ____ "ھاؤ سٹوپڈاینڈ کیئرلیس آئی ایم" ___ اب بائیک پر اسوقت توصیف بمع ڈبوں کے میری جو کنڈیشن تھی اس دوران فون کال تو ممکن ہی نہ تھی _____ خیر کوئی بات نہیں واپسی پر خود ہی اورنگزیب کے گھر کا چکر لگا لوں گا .. سارے گلے شکوے دور ہو جائیں گے.
.
نعمان کے گھر پہنچے، وہ واقعی کچھ کچھ بیمار اور اوازار لگ رہا تھا. میں نے سوچ لیا اسکو زیادہ تنگ نہیں کرنا، صبح فجر کے ٹائم پر اسکی فلائٹ بھی ہے، تو ہم بس گفٹس دے کر نکل جائیں گے. ____ نعمان کے بھائی جوس لے کر آ گئے __ جوس نے ہمارے اٹھتے قدم واپس روک لئے ___ نعمان نے کہا :: اوئے وہ کتاب نہیں لے کر آئے ؟؟ ______ کونسی کتاب ؟ کیسی کتاب __ اوہ !! وہ فیض احمد فیض کی کتاب __ وہ بھی لانی تھی ؟؟ !!! اب کیا ہو گا ____ کچھ بھی نہیں ہوگا ... ایک کتاب ہی تو ہے، چھوڑیں کیا کرنی ہے کتاب .... پھر کبھی سہی __ انگلینڈ سے مل جائے گی ..... وغیرہ وغیرہ ______________ نہیں وہ کتاب مجھے ہر حال میں چاہئے، میں نے ایک شخص کے ساتھ وعدہ کیا ہوا ہے .. اس نے لندن میں کہیں کسی سیمینار میں کتاب سمیت پیش ہونا ہے ، کتاب بہت ضروری ہے ___ بلکہ اس وقت سب سے زیادہ ضروری کتاب ہی ہے .. نعمان نے الٹی میٹم دے دیا، کتاب تو ہر حال میں چاہئے _________ لو جی کر لو گل ___ اب شہر سے تقریبا تقریبا باہر آ چکے ہیں یہاں سے کتاب کہاں سے حاصل ملے .... اور اس علاقے کا اتنا پتا بھی نہیں. اتنے میں نعمان غلطی سے پوچھ بیٹھے کے چائے پیو گے، جس پر توصیف نے فورا اثبات میں سر ہلا دیا ___ اور پھر چائے بھی آ گئی ساتھ مٹھائی بھی __ جسکے ساتھ ہم نے اپنی کچھ بھوک مٹائی بھی ___ اور ساتھ ساتھ میں سوچ رہا تھا کہ رات کے آٹھ بجے اب کتاب کہاں سے ملے گی 


منگل کی رات
----------------------------
رات ساڑھے آٹھ بجے نعمان لاشاری کے گھر بیٹھے بیٹھے ہم چائے اور مٹھائی کے ساتھ یہ غور و خوض کرنے میں مشغول تھے کہ فیض احمد فیض کی کتاب کہاں سے حاضر کی جائے چائے پی کر دماغ نے کچھ کم کرنا شروع کیا. اس علاقے کے آس پاس کے دوستوں کے نمبر ملائے ___ سب سے پہلے زبیر محمد __ تو وہ جناب کسی کام سے چیچہ وطنی گئے ہوئے تھے، مگر انہوں نے کتابوں کی دکان کا کچھ نقشہ سمجھایا___ لیکن وہ جگہ بھی خیر یہاں سے کافی دور تھی.
.
اگلی کال محمد بلال کو ملائی گئی. جو اس وقت آفس میں نائٹ ڈیوٹی کر رہے تھے، پہلے تو وہ اس بات پر حیران ہوئے کہ نعمان کو کتاب کی ضرورت کیسے پڑ گئی .. وہ بھی شاعری کی کتاب __لیکن ہمیں سنجیدہ جان کر انہوں نے بھی لاچاری کا اظہار کیا کہ بھائی کچھ لائیک کروانا ہے تو بتاؤ .. یہ کتابوں سے ہمارا کیا لینا دینا __
.
اگلی کال سہیل اکبر صاحب کو ملائی گئی کہ جوہر ٹاؤن میں انکے گھر کے قریب ہی جی ون مارکیٹ میں کتابوں کی کوئی دکان یقینا اس وقت کھلی ہو گی اور فیض کا کتاب مل جائے گی. اپنے سہیل بھائی شریف بندے __ فورا کتاب کے لئے جدوجہد کرنے کو تیار ہو گئے. مارکیٹ کیلئے کمر کس لی انہوں نے. انہوں نے پوچھا کتاب کا نام کیا ہے ____ جلدی میں میرے منہ سے نکل گیا : "نسخہ ہائے کیمیا" ___ جس پر نعمان اور توصیف کو قہقہے لگانے کا موقع مل گیا.
.
توصیف کے شیطانی دماغ میں آئیڈیا آیا کہ گروپ کے محمد زبیر (جونئیر) جو گزشتہ کئی ہفتوں سے ہر کسی کو کتابیں بانٹ رہے ہیں ان سے رابطہ کیا جائے، اور وہ بھی یہیں اسی علاقے میں پائے جاتے ہیں. ان سے رابطہ کیا گیا تو وہ کتاب کی تلاش میں ہم سے بھی زیادہ پرجوش ہو گئے .. بس اب ہر پانچ منٹ کے بعد کتاب کے موجودہ سٹیٹس پر زبیر میاں کی کال موصول ہونے لگی
.
ایسے میں موبائل پر بے ارادہ انٹرنیٹ کونیکٹ کیا تو میسنجر پر اورنگزیب کے "هیلو ! ، ھائی !! .. کدھر ہو ؟" کے میسجز دیکھ کر پھر ایک بار خود کو کوسا


منگل کی لیٹ نائٹ
----------------------------
میں اور توصیف یہ کہہ کر نعمان کے گھر سے اٹھ پڑے کہ ہم خود بھی کسی مارکیٹ سے جا کر کتاب ڈھونڈنے کی کوشش کرتے ہیں. اور ہر صورت کتاب لے کر ہی آئیں گے.نعمان نے بھی ہمارے جذبے کو سلام کرتے ہوئے ہمیں مشن پر روانہ کیا ..... وہاں سے نکلتے ہی محمد زبیر کی کال آئی کہ کتاب مل گئی ہے اور دس منٹ میں کتاب کے ہمراہ میں شوکت خانم کے قریب فلاں جگہ پر موجود ہوں گا. سہیل اکبر صاحب کو فون کر کے ہم نے کتاب کی تلاش کے مِشن سے روک دیا.
.
نعمان کے گھر کے قریب ہی محمد زبیر کتاب لے کر آ گئے. ان سے پہلی ملاقات تھی. اب اس لڑکے نے اتنا احسان کیا کہ اتنی رات گئے نجانے کہاں سے وہ کتاب لے کر حاضر ہو گیا تھا، اور تکلف میں اب کتاب کی قیمت بھی وصول نہیں کر رہا تھا ___ خیر ہم نے سوچا کہ کتاب نعمان تک واپس پہنچانے میں خاطر خواہ تاخیر کی جائے تاکہ نعمان کو یہی تاثر ملے کہ کتاب حاصل کرنے میں ہم نے بہت زیادہ خاک چھانی ہے ______ ہم زبیر محمد اور اسکے دوست کے ساتھ ایک ریسٹورانٹ میں پیزا کھانے بیٹھ گئے. اور گپ شپ چلتی رہی. پیزا بھی اچھا تھا ___ زبیر اور اسکا دوست فیصل نوجوان ہیں اور ابھی اپنے کریئر کے آغاز میں ہیں __ تو توصیف نے انہیں ان کا کیریئر خراب کرنے کے بہترین مشورے دئیے___ میں نے کچھ درستگی فرمانے کی کوشش کی تو وہیں بیٹھے بیٹھے توصیف نے مجھے، فرقان وٹو اور عنبرین خان کو اپنا ٹاپ تھری دشمن قرار دے دیا. لیکن پیزے سے ہاتھ پھر بھی نہ روکا ____ محمد زبیر کے ساتھ یہ پہلی اور ہنگامی ملاقات تھی، اس لئے پیزا اور کتاب کے علاوہ کم ہی گفتگو ممکن ہو پائی
.
پیزا ختم ہوتے ہی ہم وہاں سے نکلے __ نعمان کی طرف پہنچے __ کتاب اسکے ہاتھ میں تھمائی __ اس نے یہ جاننے کی بھی کوشش نہ کی کہ کتاب کہاں سے ملی، کیسے ملی __ اور ھم نے آئندہ ملاقات لندن میں کرنے کے وعدے کیساتھ اسے فائنل گڈ بائے کہا اور وہاں سے چلتے بنے ___ واپسی پر واپڈا ٹاؤن سے گزرتے ہوئے اَورنگزیب کے گھر جانے کا خیال آیا، لیکن رات کے ساڑھے دس بج رہے تھے ... سوچا پھر کبھی سہی ... وہ فیملی کے ساتھ رہتا ہے، اس وقت جا کر کیوں اس کو ڈسٹرب کرنا.
.
واپسی پر موسم خوب سہانا تھا، اور لاہور کی خوبصورت سڑکوں پر ٹریفک بھی کم تھی، میں مسلسل کچھ گنگنا رہا تھا __ مگر میرے سُروں کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے توصیف صاحب کوئی فلسفہ جھاڑنے کے موڈ میں تھے.___ توصیف کو اسکے فلیٹ پر ڈراپ کیا، اور پھر میں خود بھی اپنے فلیٹ پر ڈراپ ہو گیا ___ لیپ ٹاپ کھولا تو سامنے پھر اورنگزیب کا میسج ___ " بٹ کدھر ہو ؟ تینوں بھل گئے نیں یار پرانے ؟؟ " _________ رات ساڑھے گیارہ بج رھے تھے، لیکن اورنگزیب یقینا جاگ رہا تھا ____ اور آخر کار اسے کال ملائی __ مصروفیت کے باعث رابطہ نہ کر سکنے اور وقت پر میسج کا جواب نہ دینے پر معذرت کی __ پوچھا کہ سب خیریت ہے ناں __ کیوں اتنے میسیجز کر رہے تھے؟ __ کہنے لگا ___
" یار ویکھ ناں ... اپنی پاکستانی کرکٹ ٹیم نے کیہ گُل کِھلائے نیں !!! میرا بڑا دل کر رهیا سِی کہ تینوں فُون کراں تے دونویں رَل کے کرکٹ ٹیم نُوں رَج کے گالاں کڈیئے" !!!!
.

0 comments: