"فروری"

9:32 PM 1 Comments

میری بھرپور فرمائش پر "فروری" کے عنوان پر میری دوست شاعرہ عنبرین خان نے اسپیشل نظم تحریر کی ھے
-------------------
"فروری"
یہ موسم فروری کا پھر سے کتنے رنگ لایا ہے
چمکتی دھوپ میں ٹھنڈی ہوائیں رقص کرتی ہیں
فلک پر روئی کے گالوں سے بادل اڑتے پھرتے ہیں
ستاروں سے بھری راتیں،
اجالوں سے بھری صبحیں،
کڑکتی ٹھنڈ سے گھبرا کے جو پودے تھے مرجھائے
وہ پھر سے پلنے لگتے ہیں،
خوشی سے کھلنے لگتے ہیں،
چمن کے رنگ سارے ہی، کہ جو ٹھٹھرے تھے سردی سے
سکڑ کر سب فقط کچھ سیاہ، سفید اور بھورے باقی تھے
وہ واپس مڑنے لگتے ہیں...
ہر اک دن، ہر گھڑی، ہر سو، نیا اک رنگ کھلتا ہے
دہکتا سرخ-- خوشیوں کا، بہاروں کا
معطر سبز--چمن کے خوبصورت سے نظاروں کا
گلابی اور عنابی-- شادمانی کے اشاروں کا
بسنتی رنگ-- پیلا رنگ-- جگنو اور ستاروں کا
مہکتی ڈالیوں پر چار سو چہکیں پرندے سب
خوشی کے گیت گاتے ہیں،
سب اپنے گھر بناتے ہیں،
چمن میں تتلیاں رنگیں سُروں میں گنگناتی ہیں
ہوا کے دوش پہ اُڑتی پتنگیں من کو بھاتی ہیں
حرارت زندگی ہے، زندگی کو پھر سے لایا ہے
چمکتے ، خوشنما سورج نے ہر دن کو سجایا ہے
بھلی لگتی ہے اس موسم میں بارش بھی اگر کچھ ہو...
سماں جب شام کا آئے، تو کیا کیا رنگ پھیلائے
دل اپنے آپ ہی میں گم،
بہت سی ان کہی باتیں، بہت سے ان سنے قصے،
خود اپنے آپ دہرائے..
بہت سی بسری یادیں سنگ اپنے لے کے آیا ہے
یہ موسم فروری کا، پھر سے کتنے رنگ لایا ہے!!!
-
- عنبرین خان -
--------------------


@عنبرین خان !! کچھ عرصہ پہلے آپ کی نظمیں اکتوبر ، نومبر ، دسمبر کے عنوان سے نظروں کے سامنے سے گزریں تو میں نے آپ سے خاص فرمائش کی کہ 'فروری' کے مہینے پر کچھ خصوصی شاعری کریں .......
فروری میرے لئے ہمیشہ بہت سپیشل رہا ہے ، میری اپنی سالگرہ ، اور میری شادی کی سالگرہ بھی فروری میں آتی ہے. اس کے علاوہ موسم بہار کی آمد آمد ہوتی ہے، اتنا خوشگوار موسم اور محسوسات شائد سال کے کسی دوسرے مہینے میں نہیں ہوتے

لیکن فرمائش کرتے وقت مجھے اندازہ نہیں تھا کہ آپ واقعی لکھ دیں گی ........ کیونکہ مجھے یہی لگتا تھا کہ آرٹ تو دل سے نکلتا ھے ... شائد کسی کی فرمائش پر اگلا نہیں جا سکتا. اور سچ کہوں تو میں خود بھی ایسا ہی ھوں، لوگ مجھے کہتے ھیں کہ فلاں چیز کی پینٹنگ بناؤ، مگر میں نے ہمیشہ وہی بنایا جو میرا دل چاہا، مجھ سے کم از کم آرٹ میں ڈکٹیشن نہیں لی جاتی ،، یا شائد میں پروفیشنل آرٹسٹ نہیں ھوں.............اور جب میں نے آپ کی جانب سے فروری کے عنوان پر یہ نظم دیکھی ___ اور فروری کو جس خوبصورت انداز میں لفظوں میں پرویا گیا ھے .... تو میں یہ سوچنے پر مجبور ھو گیا کہ عنبرین خان تو ماشااللہ پروفیشنل شعراء کی لسٹ میں اینٹری کر رہی ھیں. اکثر فی البدیع شعر بھی کہتی ھیں ... اور دیئے گئے عنوان پر اپنے آرٹ کے جوہر بھی دکھا سکتی ھیں ... جو موقع پر اپنے آرٹ کا جوہر دکھا سکے ، اصل آرٹسٹ تو وہی ھوتا ھے.... میں فروری کے لئے جو کچھ سوچتا اور محسوس کرتا تھا، عنبرین نے ویسا ہی یا شائد اس سے بھی بڑھ کر لکھ ڈالا ____ میں نے پہلی بار نظم پڑھی تو میں چاہتے ہوئے بھی اس نظم پر کوئی کمنٹ نہ کر سکا ........... جب بھی کمنٹ کرنا چاہا ... دماغ سن ھو جاتا کہ کس طرح پسندیدگی کا اظہار کروں ... لفظ کم پڑ جاتے __ فقرے گڈ مڈ ھو جاتے.... سوچتا ... آج کمنٹ کروں گا... کل کروں گا ... اور اسی سوچ میں مہینہ گزر گیا ... اور آج یہ نظم پھر ایک بار سامنے ھے، اور آج میری شادی کی سالگرہ کے موقع پر مجھے ڈیڈیکیٹ بھی کر دی گئی ھے. آج کے دن کا واحد تحفہ ابھی تک یہی ایک نظم ہی ھے

@عنبرین میں آپ کی شاعری کو گزشتہ ڈیڑھ سال سے فالو کر رھا ھوں، آپ کی کمانڈ اینڈ کنٹرول شاعری پر بڑھتا ہی جا رھا ھے .. ایک نکھار آ رھا ھے دن بدن..... اس کی ایک وجہ شائد اس گروپ کی وساطت سے ایک دوسرے کی پرسنل لائف میں جھانکنے کا موقع بھی ھے ... آپکی شخصیت بہت خوبصورت ھے. بہت بہت خوبصورت ..... بہت حساس لیکن مثبت ڈائریکشن میں حساس ھیں. آپ اپنی حساسیت بھری شخصیت سے اردگرد منفیت نہیں پھیلاتیں ...

میں چیزوں کو سنبھال کر رکھنے کا عادی ھوں، یہ نظم بھی میرے پاس محفوظ رھے گی. اور ہاں مجھ پتھر دل کو میری سالگرہ پر دیا گیا آپ کا خوبصورت کانچ کا تحفہ، ٹوٹ جانے کے اندیشے سے میری ہمت نہیں پڑتی کہ اسے استعمال کروں. میں نے اسے اُسی ڈبے میں ابھی تک محفوظ رکھا ہوا ھے ... آپ کے لئے انگنت دعائیں

1 تبصرہ: