عنبرین خان

10:57 PM 1 Comments

عنبرین خان بیٹھک گروپ کی نامور اور لاہور کی گمنام شاعرہ ہیں ... کالج کی بچیوں کو جیوگرافی پڑھاتی ہیں، لیکن اپنا قبلہ ... او سوری .. اپنا جغرافیہ انہوں نے کتابوں سے نہیں بلکہ اوکاڑہ / لاھور کی بسوں میں سفر کر کر کے درست کیا ہے .... ان کا ماننا ہے کہ کسی کی نظروں میں گرنے سے بہتر ھے کہ انسان خود ہی لڑھک کر فرش پر گر پڑے .. یہی وجہ ہے کہ جب دوسرا فریق بے اعتنائی کیساتھ انہیں دل سے نکالنے کا ابھی ارادہ ہی کرتا ہے تو یہ فورا رمین بوس ہوتی نظر آتی ہیں، جسے دوسرا فریق اپنی قدم بوسی خیال کرتے ہوئے اسی لمحے ساری رنجشیں بھلا ڈالتا ہے ...
.
بڑی سخت اور اصول پسند استاد ہیں. کالج کی لڑکیاں جن کے نام سے تھر تھر کانپتی ہیں. یہ سٹوڈنٹ سے زیادہ خود انکے لئے فکرمند رہنے والی استاد ہے.
.
میٹرو بس سے انکی دوستی کی داستانیں زبانِ زد عام ہیں. جب بھی میٹرو میں سفر کیا، کوئی داستان ضرور رقم کی. میٹرو بس سے جتنا پیار انہیں ہے، اتنا تو شہباز شریف کو بھی نہ ہو گا.
.
علمِ جیوگرافی پر ان کی گرفت اتنی مظبوط ہے کہ بڑے بڑے جنگلات، صحرا، دریا اور سمندر انکی فنگر ٹپس پر پائے جاتے ہیں. اور یہ ہرکولیس کی طرح ساری دنیا اپنے ہاتھ میں لئے گھومتی ہیں. انہی کیلئے غالب نےلکھا تھا :

بازیچہءِ  اطفال ہے دنیا میرے آگے
ہوتا ہے شب و روز تماشا میرے آگے
ہوتا ہے نہاں گرد میں صحرا میرے ہوتے
گھِستا ہے جبیں خاک پہ دریا میرے آگے

زمین کا ارتقاء گویا انہوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہو. بِگ بینگ  کے  بعد جب زمین اور دوسرے سیارے  الگ ہو کر سورج کے گرد گھومنے لگے  تو عنبرین نے اس کرشمے پر بڑی تالیاں بجائی تھیں. اپنے جذباتی تلاطم ،  خیالی مدوجزر اور پے درپے زمین بوس ہونے جیسے تجربات  کی روشنی میں یہ  زلزلہ آنے سے پہلے ہی اس کی شدت بتا دیتی ہیں. زمین کی اندرونی ساخت پر انکی گہری نظر ہے. زمین کی اندرونی پرتوں کا تذکرہ تو یوں کریں گی جیسے بچپن میں وہاں آنکھ مچولی کھیلتی رہی ہوں.
.
بیشتر خواتین کی طرح یہ بھی اکثر اداس ہی پائی جاتی ھیں. اور بذریعہ شاعری دوسروں کو بھی اداس کرنے کی کوشش کرتی ھیں. باتیں کم اور شعر زیادہ کہتی ھیں. بچوں سے انکے فرینڈشپ کا اندازہ اسی بات سے کر لیں کہ میری بیٹی حلیمہ کو گروپ کی جن دو خواتین کے نام یاد ہیں ان میں سے پہلے نمبر پر عنبرین آنٹی ہیں.
.
اکثر پروفیشنل خواتین کے برعکس یہ اچھا کھانا بنانے کی صلاحیت بھی رکھتی ہیں. جو بھی بناتی ھیں، کافی زیادہ مقدار میں بناتی ہیں. جس سے اندازہ ھوتا ھے کہ یا تو ان کی شخصیت بہت وسیع القلب ھے یا پھر ان کا ٹَبر (خاندان) بہت بڑا ھے. بائی بلڈ "خان" لیکن طبیعتا "بٹ" واقع ہوئی ھیں. انتہائی تخلیقی ذھن کی مالک ھیں. فیس بک پر اپنے باڈی بلڈر بھائیوں کی تصویریں شیئر کرتی رھتی ھیں جو کہ بلاشبہ فیس بک کے نوخیز منچلوں کو اِن-ڈائریکٹ وارننگ دینے کا ایک انوکھا انداز ھے.
.
- خرّم امتیاز



1 comments: