دوست کی موت پر

3:13 PM 0 Comments

ہم سب انسان ایک جگسا پزل (Jigsaw Puzzle) کی طرح ہیں، ہم بہت سے ٹکڑوں کیساتھ مل کر مکمل ہوتے ہیں۔ مگر اس پزل کے صرف کچھ ہی ٹکڑے ہمارے پاس ہوتے ہیں۔ بقیہ سبھی ٹکڑے ہمارے اردگرد ہمارے آشناؤں کے پاس، ہمارے کمرے، گلی محلے، شہر میں، اور جہاں جہاں ہماری اپروچ ہوتی ہے، وہاں وہاں اس پزل کے ٹکڑے جابجا بکھرے پڑے ہیں۔ ماسوائے ہمارے چاہنے والوں کے کسی کو اتنی فرصت اور دلچسپی نہیں ہوتی کہ ان ٹکڑوں کو جوڑے اور ہمیں مکمل سمجھ سکے۔
آپکی وفات کا سن کر پہلے تو مجھے سچ مچ بہت زیادہ افسوس ہو گا۔ اور شاید کچھ دن میں اس بارے میں کچھ بھی نہیں کہہ سکوں۔ پھر شاید کچھ دن بعد ایک کف افسوس ملتی پوسٹ کروں جس میں آپ سے متعلق ان تمام جذبات کا بے دھڑک اظہار ہو گا جو ابھی آپ سے کہنے کی ہمت نہیں ہے۔ مگر شاید ایک پوسٹ کر کے میری تسلی نہ ہو۔
شاید میں آپ کے قریبی دوستوں اور فیملی سے بھی رابطہ کر کے انھیں بتانے کی کوشش کروں کہ میری نظر میں آپ کیسے انسان تھے یا جس زاویے سے جسقدر بھی میں نے آپکو دیکھا اور سمجھا ہے وہ بتلا سکوں۔ شاید کہ میرے پاس آپکے پزل کا جو ٹکڑا ہے، اسے جوڑ کر کہیں کسی کی یاداشتوں میں آپکی تصویر اور کہانی مکمل ہو سکے۔

0 comments: