پاپا وحید

12:41 AM 0 Comments

سیالکوٹ میں بڑے بھائی یا کزن کو اکثر 'پاپا' کہہ کر مخاطب کرتے ہیں. بڑے ماموں کا سب سے بڑا بیٹا وحید بٹ. ننھیال میں میرا سب سے بڑا کزن. مجھ سے عمر میں کوئی بیس سال بڑا ہو گا.
خاندان کا پہلا بچہ ہونے کی وجہ سے اسکے خاص ناز نخرے اٹھائے گئے، مشھور ہے کہ اس نے بچپن میں کوئی جن وغیرہ دیکھ لیے تھے، جنکا کافی اثر اس پر رہا، اور وہ مافوق الفطرت قسم کی گفتگو کیا کرتا تھا. ابھی بھی خاندان والے اپنے خوابوں کی تعبیر اسی سے پوچھتے ہیں. اور کہا جاتا ہے کہ وحید کا دیکھے ہوئے خواب سچے ہوا کرتے ہیں. مگر پاپے وحید نے تعلیم میں کبھی دلچسپی نہیں لی. موصوف کا لڑکپن محلے کے آوارہ لڑکوں کی نذر ہوا اور جوانی میں اپنے سے دگنی عمر کی خاتوں سے عشق میں مبتلا ہو گئے .. گھر والوں سے ناراضگی مول کر اسی سے شادی کی اور گھر والوں سے الگ ہو گئے.
.
چھوٹے ماموں، جو پاپے وحید کے چچا تھے، یقینا پاپے وحید کے لئے بھی انسپریشن کا درجہ رکھتے تھے، پاپے نے اپنے چچا سے بہت سیکھا تھا، بقول پاپے وحید کے، اس نے چھوٹے ماموں کا وہ آرٹ ورک بھی دیکھا ہوا ہے جو ماموں نے مذہبی رجحانات غالب آ جانے پر ضائع کر ڈالا تھا.
مصوری کا فن پاپے وحید کو بھی گویا وراثت میں ملا تھا. لیکن مناسب تعلیم اور آرٹ کا ایکسپوزر نہ ہونے کے باعث وہ آرٹسٹ بننے کی بجائے چھوٹے ماموں کی طرح ہی ایک بازار میں پینٹرز کی دکان کھول کر بیٹھ گیا، اور اسے چھوٹے موٹے کام ملنے لگے، وہ سائن بورڈ لکھنے لگا اور گھروں اور دفتروں میں رنگ روغن کے چھوٹے موٹے کاموں سے اپنا گھر چلانے لگا.
.
خدا نے اولاد کی نعمت سے محروم رکھا. ابھی کوئی پچاس برس سے اوپر کا ہو چکا، کچھ سال پہلے لاہور میں کسی اونچی عمارت پر سائن بورڈ فکس کرنے کے دوران بجلی کا جھٹکا لگنے سے سیڑھی سے گر گیا، جان بچ گئی مگر بائیں ہاتھ کی انگلیاں اور بدن کی کئی ہڈیاں ٹوٹ گئیں ، بستر پر پڑ گیا، اور بڑی مشکل سے دوبارہ چلنے پھرنے کے قابل ہوا. لیکن اب پہلے کی طرح مارکیٹ میں پروفیشنل کام کرنے کے قابل نہیں رہا. گھر والوں نے بھی بالآخر واپس قبول کر لیا، ابھی سیالکوٹ ہی میں ہوتا ہے، لیکن اس نے اپنی عمر رسیدہ بیوی کو کسی حال میں اکیلا نہیں چھوڑا. عجب عشق ہے یہ.
.
اب اس عمر میں آ کر پاپے کو اندازہ ہوا ہے کہ اس نے عمر بھر اپنے فن کو ضائع کیا، یا یوں کہہ لیں کہ اپنے اندر کے فن کی اسے سمجھ ہی اب آئی ہے . پاپے وحید کا پنسل ورک کمال کا ہے. ابھی وہ گھر بیٹھا پنسل ورک اور سکیچز بنا بنا کر وقت گزاری کرتا ہے. میں نے پچھلے کچھ مہینوں میں پاپے کا کام دیکھا، میرے خیال میں وہ بہت ڈیٹیل کیساتھ حیرت انگیز کام کرتا ہے، اس بار میں نے دورہءِ سیالکوٹ کے دوران خاص طور پر پاپے وحید کے آرٹ ورک کی تصویریں بنائی ہیں. تاکہ اس کے بنائے ہوئے سکیچز آپ لوگوں کے ساتھ شیئر کر سکوں. تاکہ آپ میرے اس گمشدہ فنکار کزن کی صلاحیتوں کا اندازہ ہو سکے.
 ------------------------------

پاپے وحید کی تصویر

ایک چڑیا کے مرنے پر دوسری چڑیوں کا ردعمل



 ایک کہانی کا منظر


فوٹوگراف سے پورٹریٹ


گھر کے نادر برتن بنانے کی کمال ٹیکنیک

چوڑی دار اوزار بنانے کی ٹیکنیک

باڈی بلڈر بنانے کی ٹیکنیک

شیشے کا گلاس ، پانی اور اسکا عکسبنانے کی ٹیکنیک

مختلف اشیا کی ڈرائنگ بنانے کی ٹیکنیک


اخبار پڑھتے شخص کا خاکہ بنانے کی ٹیکنیک

ھیرے، موتی، نگ اور انگوٹھی بنانے کی ٹیکنیک

رومانٹکپورٹریٹ

گولائی اور نوکدار اشیاء بنانے کی ٹیکنیک

یونانی دیوتا کی تصویر

فلم مغل اعظم کا ایک منظر

ایک تخیلاتی پورٹریٹ

ورکشاپ کے اوزار بنانے کی ٹیکنیک


برتنوں اور صراحیوں کا ڈھیر بنانے کی ٹیکنیک

رنگین پورٹریٹ

شیر کی پینٹنگ


0 comments: